سنی اتحاد کونسل نے صدارتی نامزد امیدوار کا اعلان کر دیا

سنی اتحاد کونسل نے صدارتی نامزد امیدوار کا اعلان کر دیا۔

سنی اتحاد کونسل نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے صدارتی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے 9 مارچ کو ہونے والے صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 2 مارچ کو کاغذاتِ نامزدگی 12 بجے سے پہلے جمع کرائے جا سکیں گے، کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 مارچ کو ریٹرننگ آفیسر صبح 10 بجے کریں گے۔

کاغذاتِ نامزدگی 5 مارچ دوپہر 12 بجے تک واپس لیے جا سکیں گے، صدارت کے امیدواروں کی فہرست 5 مارچ کو 1 بجے آویزاں کی جائے گی اور دستبردار ہونے کی تاریخ 6 مارچ ہوگی۔

صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 9 مارچ کو صبح 10 سے شام 5 بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم اور صدر کے نام پر مسلم لیگ ن اور پی پی پی ایک دوسرے کی حمایت کریں گے۔

وزیرِ اعظم کے عہدے کے لیے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف امیدوار ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے عمر ایوب خان وزیرِ اعظم کے عہدے کے لیے امیدوار ہوں گے۔