وزیراعظم شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر ترکیہ، چین اور ایران کی مبارکباد وزیراعظم کا تینوں ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ۔ نومنتخب وزیراعظم کی جانب سے اظہار تشکر

ترک صدر رجب طیب اردوان، چینی صدر شی جن پنگ اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

ترک صدر

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو فون کرکے مبارکباد دی اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی شہباز شریف کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

صدر رجب طیب اردوان نے توقع ظاہر کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

نومنتخب وزیراعظم نے مبارکباد کے پیغام پر صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی صدر

دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھیجا۔

چینی صدر نے کہا کہ امید ہے شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان نئی اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گا، مشترکہ طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اپ گریڈڈ ورژن تعمیر کرنا ہوگا۔

ایرانی صدر

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے بھی شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔

ایرانی صدر نے دونوں اسلامی برادر مملک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔

صدر رئیسی نے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت پاکستانی عوام اور ملک کی ترقی کے لیے بھرپور کوشش کرے گی ۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں مملک باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلیے مل کر کام کریں گے ۔

ایرانی سفیر

ادھر پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے بھی وزیراعظم شہبازشریف کو مبارکباد پیش کی۔

نومنتخب وزیراعظم نے مبارکباد کے پیغام پر ترک صدر، چینی صدر اور ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور تینوں ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔