الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے موہن منجیانی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں غیر مسلموں کیلئے مخصوص نشستوں سے موہن منجیانی کا نوٹیفکیشن نامعلوم وجوہات کی بناء پر معطل کر دیا گیا، موہن منجیانی کا نوٹیفکیشن تا حکم ثانی معطل کیا گیا۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کیلئے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تمام مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا، الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کی مستحق نہیں۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ قانون کی خلاف ورزی اور پارٹی فہرست کی ابتداء میں فراہمی میں ناکامی کے باعث سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں، مخصوص نشستیں ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی (ف) کو دینے کی درخواست منظور کر لی گئی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان اسمبلی نے الیکشن میں کامیابی کے بعد اتحادی جماعت سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی، اسی بنیاد پر سنی اتحاد کونسل نے الیکشن کمیشن میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے درخواست دائر کی تھی۔