سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے اور جمع کرانے کا آج پہلا روز ہے۔
جوائنٹ الیکشن کمشنر سندھ نذر عباس کے مطابق اب تک 200 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں، امیدوار آج شام چار بجے تک فارم حاصل کر سکتے ہیں۔
جوائنٹ الیکشن کمشنر نذرعباس کا کہنا ہے کہ کل فارم جمع کرانے کا آخری روز ہے۔
وفاقی وزیر اسحٰق ڈار نے اسلام آباد سے سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی، طارق فضل چوہدری، انجم عقیل اور انوشہ رحمٰن نے الیکشن کمیشن میں اسحٰق ڈار کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ سینیٹ سے اسلام آباد کی جنرل سیٹ کے لیے رہنماؤں نے اپنی درخواستیں پارٹی کوجمع کروادی ہیں، پارٹی قیادت کے فیصلے کے بعد کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔
یاد رہے کہ پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کی اپنی سالہ مدت پوری ہونے کے بعد خالی ہونے والی 48 نشستوں پر انتخابات 2 اپریل کو ہوں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی آج اور کل جمع کروائے جا سکتے ہیں۔