پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کلکٹریٹ انفورسمنٹ نے جناح انٹرنیشنل ڈپارچر لاؤنج پر کاروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیرملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔
ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز محمد فیصل نے بتایا کہ ڈپارچر لاؤنج پر تعینات عملے نے شک کی بناء دبئی جانے والے مسافر کے سامان کی جانچ پڑتال کی تو مسافر کے سامان سے 50ہزار سعودی ریال برآمد کیا گیا۔
محمد فیصل نے بتایا کہ اسد احمد نامی مسافر پرواز ای اے603 سے دبئی جارہا تھا۔ مسافر نے سعودی ریال اپنے بیگ میں چھپائے ہوئے تھے۔
حکام نے کسٹم ایکٹ کے تحت کارروائی کرکے برآمدہ کرنسی ضبط کرلی ہے اور اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔