چارسدہ موٹروے پر ڈاکوؤں نے پاکستانی نژاد امریکی خاندان کو لوٹ لیا۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ڈاکو ان سے موبائل فون، زیور، پیسے اور سفری دستاویزات لوٹ کر فرار ہو گئے ۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ پشاور سے براستہ موٹروے اسلام آباد جاتے ہوئے ان سے کابلی کورونہ کے قریب لوٹ مار کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ تین مسلح ڈاکوؤں نے پہلےٹائر بلاسٹر سے گاڑی کے ٹائر ناکارہ بنائے اور پھر انہیں لوٹ کر فرار ہو گئے۔
خاتون کا کہنا تھا کہ وہ امریکا سے پاکستان عید منانے آئے تھے اور اسلام آباد میں رہائش پذیر تھے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ ڈکیتی کا واقعہ 16 جون کی رات 2 بجے پیش آیا تھا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔