عیدالفطر کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی

عیدالفطرکی چھٹیوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 10 اپریل کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا اور  بارش کا یہ سلسلہ 10 سے 15 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہےگا۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ خیبرپختونخوامیں10 سے 15 اپریل بعض مقامات پرموسلادھاربارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔


اس کے علاوہ کشمیر،گلگت بلتستان میں موسلا دھاربارش اورپہاڑوں پربرفباری متوقع ہے، مری،گلیات، اٹک اورچکوال میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع کی جارہی ہے جب کہ فیصل آباد، سرگودھا اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں 12 سے 14 اپریل مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے۔

ادھر کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد میں13 اور14 اپریل کے دوران بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ بالائی خیبرپختونخوا،کشمیر،مری،گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ بھی ہے جب کہ موسلادھاربارش کے باعث 13 سے 15 اپریل دیر، سوات، چترال اور کوہستان میں طغیانی کا خدشہ ہے۔