عید الفطر کے دنوں میں پنجاب میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ عیدالفطر پر طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں۔ 10 تا 15اپریل وقفے وقفے سے طوفانی بارشیں ہو سکتی ہیں جب کہ 10 تا 15 اپریل مری ، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بارش کے امکانات ہیں۔
12اپریل سے گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں بارشیں ہوں گی۔ بہاولپور ڈویژن کے اضلاع بھی تیز بارشوں کی زد میں رہیں گے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے نے ریسکیو ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ کو عید کی تعطیلات کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ خراب موسم کی صورت میں سیاحوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس حوالے سے کمشنرز، ڈی سیز اور محکمہ آبپاشی کو بھی موسمی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔