خلیجی ریاستوں میں تیز بارشیں برسانے کے بعد طاقتور مغربی سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم خلیجی ریاستوں میں تیز بارشوں کا باعث بنا تھا،ان کے مطابق سسٹم مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز بارشوں کا باعث بن رہا ہے۔
بلوچستان میں تیز بارشیں متوقع ہیں، اس سسٹم کے تحت بارشوں میں بجلی گرنے کے واقعات بھی ہو سکتے ہیں۔
آج شام سے سسٹم کے اثرات کراچی اور سندھ پر ظاہر ہونا شروع ہوں گے، چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ یہ اسپیل 3سے 4دن ملک میں رہے گا۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر میں 17 سے 22 اپریل کے دوران بارش، آندھی اور ژالہ باری کی توقع ہے، پہلے اسپیل کے دوران پنجاب میں 18 سے 19اپریل بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
بلوچستان میں 17 سے 19اپریل،سندھ میں 18 سے 19 اپریل بارش اور ژالہ باری جبکہ خیبرپختونخوا میں 17 سے 21اپریل تک بارشیں ہونے کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت میں 18 سے 22 اپریل بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کا دوسرا اسپیل 25اپریل سے شروع ہو کر 29 اپریل تک رہے گا اس میں بارش اور ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔ بارشوں سے خضدار، زیارت، کوئٹہ، پشین،پنجگور اور گوادر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ بارش کے اس سسٹم کے تحت کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے، کل سندھ بھر میں بارش متوقع ہو گی،کراچی میں خلیجی ریاستوں جیسی طوفانی بارش کا امکان نہیں ہے۔