اسلام آباد / لاہور: ملک بھر ضمنی انتخابات کیلیے قومی اسمبلی کی 5 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 16 خالی نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔
ملک بھر ضمنی انتخابات کیلیے قومی اسمبلی کی 5 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 16 خالی نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہو کر شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن نے حساس پولنگ سٹیشن میں 413کو اے کیٹگری،1507بی کیٹگری اور 1094کو سی کیٹگری میں ڈکلیئر کیا ہے جہاں پر سکیورٹی کوسخت کیاجائے گا۔
پنجاب کے 14حلقوں کیلئے 41لاکھ 74ہزار 900بیلٹ پیئرز پرنٹ کردیئے گئے۔ 7ہزار822پوسٹر اور 1لاکھ 4ہزار500فارم 45پرنٹ کئے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز کے اردگرد ائیرل فائرنگ کی روک تھام کیلئے پولیس اقدامات کریگی۔ لاہور اور قصور کے دو قومی اور 12صوبائی حلقوں کیلئے 240 امیدواروں نے اپنے کاغذات جمع کروائے ۔174امیدواروں کے کاغذات منظور کئے گئے۔
پنجاب کے 14حلقوں کے ضمنی الیکشن میں 40لاکھ 44ہزار 552ووٹرز اپنا رائے حق دہی استعمال کریں گے ۔ان میں 21لاکھ 77ہزار 187مرد اور 18لاکھ 67ہزار 365خواتین شامل ہیں ۔لاہور میں این اے 119علی پرویز اور شہزاد فاروق سمیت9 امیدواروں کے درمیان مقابلہ، پی پی147لیگی امیدوار محمد ریاض اور محمد خان مدنی سمیت11 امیدوار مدمقابل،پی پی 149سے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار شعیب صدیقی اورقیصر شہزاد سمیت14 امیدوار مدمقابل، پی پی158سے لیگی امیدوار چوہدری محمد نواز اور سنی اتحاد کونسل کے مونس الٰہی سمیت 22 امیدوار آمنے سامنے،پی پی 164 سے لیگی رہنما راشد منہاس اور سنی اتحاد کونسل کے محمد یوسف سمیت20 امیدوار مدمقابل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق سیکیورٹی اہلکار کسی بھی ووٹر کو پولنگ سٹیشن میں داخل ہونے سے نہیں روکیں گے اور یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی شخص پولنگ اسٹیشن کے اندر اسلحہ لے کر داخل نہ ہو۔
مبصرین اور میڈیا کے نمائندوں کو پولنگ کے دوران پولنگ اسٹیشن کے اندر داخل ہو کر ووٹنگ کے عمل کا مشاہدہ کرنے کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں 21 اور 22 اپریل کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے عوام کی سہولت کیلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر بھی قائم کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔
لاہور قصور چکوال، گجرات، ڈی جی خان، رحیم یار خان، بھکر، وزیر آباد ،ناروال میں موبائل سروس بند رہے گی،پولنگ کے عمل صبح آٹھ سے پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا، پنجاب میں ضمنی انتخابات میں پولیس کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز کو بھی طلب کرلیاگیا۔پولیس پولنگ سٹیشن پر تعینات رہے گی جبکہ فوج اور رینجرز کی جانب سے حلقوں میں گشت کیاجائیگا۔
علاوہ ازیں پنجاب پولیس نے ضمنی انتخابات کے پر امن انعقاد کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات مکمل۔ضمنی انتخابات والے حلقوں میں پولیس ٹیموں نے فلیگ مارچ اور انتظامات چیکنگ کیلئے فل ڈریس ریہرسلز کیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف ریجنز اور اضلاع میں سکیورٹی، ٹریفک اور لاجسٹکس انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل کی گئی، الیکشن میٹریل کی بحفاظت ترسیل، پولنگ سٹیشنز وکلسٹرز پر پولیس نفری کی تعیناتی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا، مزید کہا کہ سینئر پولیس افسران نے پولنگ ڈیوٹی پر تعینات نفری کی ذمہ داریوں بارے بریفنگ دی۔
لاہور سمیت متعلقہ اضلاع میں خصوصی ناکہ جات کے علاوہ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کئے گئے ، پولیس افسران نے لا اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال، پولنگ کے عمل کو پرامن رکھنے کی ریہرسل کا جائزہ لیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس ضمنی الیکشن ڈے پر دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امن و امان کو یقینی بنائے گی، لا اینڈ آرڈر متاثر کرنے والے امن دشمن عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ڈیوائس آئیڈنٹیفکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس)صارفین کے لئے اتوار تک دستیاب نہیں ہوگا۔