خیبر پختونخوا میں تحصیل کونسل کے چیئرمینز کی 6 خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوئے، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے حمایتی امیدواروں نے میدان مار لیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام تحصیلوں میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا اور پولنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔
پولنگ کے عمل کی نگرانی کے لیے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز اور ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک رہیں، الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ مرکزی کنٹرول روم سے لوکل گورنمنٹ ضمنی انتخابات کی مانیٹرنگ کی گئی۔
ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کلاں میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے ہمایوں خان نے 8387 ووٹ لیکر میدان مار لیا جبکہ پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار حیدر خان میانخیل نے 7888 ووٹ حاصل کیے۔
اسی طرح تنگی میں تحصیل چیئرمین کی نشست پر تحریک انصاف کے حاجی فضل امین 12 ہزار 773 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ قومی وطن پارٹی کے محمد ابراہیم خان 11880 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
کاٹلنگ کی تحصیل میں آزاد (پی ٹی أئی) امیدوار ریاض خان 23573 ووٹ کے ساتھ جیت گئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے حیدرعلی ایڈوکیٹ نے 20535 ووٹ حاصل کئے۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحصیل کونسل کی 6 نشستیں استعفے کی وجہ سے خالی ہوئیں۔