سی ایس ایس کے امتحانات کے نتائج کا اعلان ،210 امیدوار کامیاب

پاکستان کے سب سے مشکل مقابلے کے امتحان سی ایس ایس 2023 کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے، 13 ہزار 8 امیدواروں میں سے صرف 210 امیدوار کامیاب قرار۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی )کے زیر انتظام مقابلے کا امتحان سنٹرل سپریئر سروسز ( سی ایس ایس )   2023 کے حتمی نتائج کا اعلان کیاگیا ہے ، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق کامیاب امیدواروں کی شرح محض  2.96 فیصد ہے،جس میں حتمی طور پر 210 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں، کامیاب امیدواروں میں 126 مرد اور 84 خواتین امیدوار شامل ہیں۔

 ایف پی یس سی کے مطابق13 ہزار 8امیدواروں نے تحریری امتحان میں حصہ لیا تھا تاہم محض 401 امیدوار تحریری امتحان پاس کر سکے،  وایوا اور فائنل میڈیکل کے بعد 386 امیدوار کامیاب قرار پائے ،46 امیدواروں کو طبی طور پر ڈیفر کیا گیا،210 امیدواروں کو حتمی طور پر کامیاب قرار دیا گیا ہے ،فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے وفاقی حکومت کے تحت گریڈ 17 میں تقرری کی سفارش کی ہے،سرِ فہرست 10 امیدواروں میں سے عادل ریاض پہلی،شہیر بانو دوسری اوکاشہ ابرار رانا  تیسری، مریم زاہد چوتھی، ثناء اعجاز پانچویں، حارث علی ورک چھٹی، ماہ رخ ملک ساتویں، محمد حسنات امان آٹھویں، سہیل امان، علیزہ دسویں پوزیشن پر کامیاب قرار پائے ہیں۔

دوسری جانب  پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے عادل ریاض، پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والی ثناء اعجاز اور ساتویں پوزیشن حاصل کرنے والی ماہ رُخ سمیت متعدد کامیاب امیدواروں کا نتیجہ طبی بنیادوں پر مؤخر کرتے ہوئے میڈیکل کلیئرنس سے مشروط کیا گیا ہے،ٹاپ کرنے والے پہلے 8 امیدواروں کا تعلق پنجاب سے ہے ۔ میرٹ لسٹ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے امیدوار نویں پوزیشن، آزاد کشمیر کے امیدوار 19ویں پوزیشن حاصل کر سکے،خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے امیدوار پچیسویں پوزیشن حاصل کر سکے،سندھ رورل سے امیدوار 66 ویں اور سندھ اربن سے 116ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ ایکس فاٹا سے امیدوار 80 ویں اور گلگت بلتستان سے امیدوار 130ویں پوزیشن حاصل کر سکے۔

 یاد رہے کہ سی ایس ایس 2022  میں کامیاب امیدواروں کی شرح محض85۔1فیصد تھا ۔