پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما علی محمد خان نے اڈیالہ جیل انتظامیہ کے خلاف ہائیکورٹ جانے کا اعلان کردیا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا کہ آج کے دن پچھلے سال میں بھی اڈیالہ جیل میں تھا، میں ذاتی بات نہیں کرتا، قائدے قانون کی بات کرتا ہوں۔
علی محمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا، توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے، مجھے نہ تو پچھلی پیشی پر اور نہ ہی اب بانی پی ٹی آئی سے ملنے دیا گیا ہے، اڈیالہ جیل انتظامیہ کے خلاف ہائیکورٹ جاؤں گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ وہ بھی اڈیالہ جیل میں رہے ہیں انہیں یہاں فٹ بال بنایا گیا، سیکیورٹی بہانہ ہے، دفاع اور سلامتی کے اداروں پر اعتماد ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں سپریم کورٹ کے آرڈر نہیں چلتے، سیکیورٹی کے نام پر ملنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔