موبائل سمز بلاک کرنے کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری ہوگیا، دائرہ 14 لاکھ صارفین تک پھیلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اس سے پہلے پی ٹی اے نے قانون نہ ہونے کی بنا پر سمز بلاک کرنے سے انکار کیا تھا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ایکٹیو ٹیکس دہندگان کی فہرست (اے ٹی ایل) میں شامل نہ ہونے والے 14 لاکھ نان فائلرز کے خلاف سمز بلاک کرنے کی کارروائی کرسکتا ہے۔
اس حوالے سے بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق پی بی سی کور ٹیکس کمیٹی کے سینئر ٹیکس ماہر آصف ایس کسبتی نے پیش گوئی کی کہ ایکٹیو ٹیکس دہندگان کی فہرست (اے ٹی ایل) پر موجود 14 لاکھ سے زائد افراد کی سمز بلاک کی جاسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ ایف بی آر نے 5 لاکھ 6 ہزار 671 افراد کی موبائل فون سمز کو غیر فعال کرنے کے لیے آئی ٹی جی او جاری کیا ہے، یہ ایسے افراد ہیں جو ایکٹیو ٹیکس دہندگان کی فہرست (اے ٹی ایل) میں شامل نہیں ہیں، اور یہ افراد انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعات کے تحت ٹیکس سال 2023 کے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے ذمہ دار ہیں۔
ٹیکس ماہر آصف ایس کسبتی نے بتایا کہ ایف بی آر نے انکم ٹیکس جنرل آرڈر(آئی ٹی جی اوز) 29 اپریل 2024 کو جاری کیا ہے، جس کا مقصد ٹیکس سال 2023 کے لئے ایکٹیو ٹیکس دہندگان کی فہرست (اے ٹی ایل) میں پیش نہ ہونے والے 507،000 افراد کی سمز کو بلاک کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ بھی توقع کی جارہی ہے کہ جلد ہی اسی طرح کے آئی ٹی جی اوز کے اجراء سے ایکٹیو ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل نہ ہونے والے 893،000 سے زائد کی سمز بھی بلاک کردی جائیں گی۔