سیکیورٹی خدشات ،کراچی ایئرپورٹ اورملحقہ علاقے ریڈ زون قرار

سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ایئرپورٹ اوراس کے ملحقہ علاقوں کو ریڈ زون قرار دے دیا ہے۔

ایئرپورٹ کے اطراف میں آنے والے راستے محدود کر دیے گئے ہیں اور ریڈ زون میں صرف ان افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی جو ایئرپورٹ آنے، جانے یا وہاں اپنے فرائض سر انجام دینے کے مقصد سے موجود ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پرچینی انجینئرزکے قافلے پر خود کش حملے اورشارع فیصل پردو لگژری گاڑیوں میں سوارافراد کے درمیان فائرنگ کے واقعے کے بعد شہر قائد میں سیکیورٹی کے انتظات مزید سخت کر دیے گئے، سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ایئرپورٹ اوراس کے ملحقہ علاقوں کو ریڈ زون قرار دیا گیا۔

ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی کے مطابق ایئرپورٹ کے قریب 5 اہم مقامات پر اسٹار گیٹ، سی اے اے کلب، مدام بریج، ماڈل کالونی موڑ  اور رینجرز چوکی فیونرل ایریا  میں پولیس چیک پوائنٹس قائم کر دیے ہیں جہاں 24 گھنٹے پولیس کی نفری تعینات ہوگی۔

ان مقامات پر پولیس اہلکارہرمشکوک شخص اور گاڑی کی چیکنگ کریں گے۔

ایم 9 موٹر وے، ملیر کینٹ، میمن گوٹھ، ماڈل کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں سے گزارش ہے کہ شہر کی طرف سفر کیلیے ریڈ زون سے گزرنے کے بجائے مین شارع فیصل اور ملیر ہالٹ کا راستہ اختیار کریں۔

ڈرگ روڈ سے آنے والے مسافر جو ملیر کینٹ یا ماڈل کالونی کی طرف جا رہے ہوں ان سے بھی گزارش ہے کہ اسٹار گیٹ یا سی اے اے کلب روڈ استعمال کرنے کے بجائے ملیر ہالٹ سے گزرتے ہوئے اپنی منزل کی طرف سفر کریں۔