پاکستان اور روانڈا کا دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

پاکستان اور روانڈا کا دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔

روانڈا کے وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے دفتر خارجہ اسلام آباد پہنچے جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

روانڈا کے وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ روانڈا کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان روانڈا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے مصنوعات کیلئے پرکشش منڈی ہے، پاکستان ٹیکسٹائل، چاول، سمیت دیگر مصنوعات کی برآمد میں عالمی پہچان رکھتا ہے، پاکستان روانڈا کی ترقی کرتی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں پاکستان اور روانڈا کے درمیان مضبوط تعاون قائم ہے، دونوں ممالک مختلف عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔

پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانا چاہتے ہیں: وزیر خارجہ روانڈا
اس موقع پر وزیر خارجہ روانڈا اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے نے کہا کہ پاکستان کا یہ میرا پہلا دورہ ہے، پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے مفید بات چیت ہوئی، پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کیلئے پرعزم ہیں، اعلیٰ سطح تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روانڈا کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان کیلئے اپنی مصنوعات روانڈا کو برآمد کرنے کیلئے مواقع موجود ہیں، پاکستان اور روانڈا عالمی امن مشن میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ کیگالی اور اسلام آباد میں سفارتی مشنز کے قیام کے بعد روانڈا کے وزیر خارجہ کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے، دورہ دوست ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر روانڈا کے وزیر خارجہ 21 تا 22 اپریل پاکستان کے دورہ پر ہیں۔