نئے مالی سال میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 15 ہزار 270 ارب روپے مقرر

اسلام آباد: نئے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تیاری تقریباً مکمل ہو چکی ہے، اور بجٹ کے اہداف کا تعین جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق، وزارت خزانہ نے ایف بی آر کے لیے ٹیکس وصولیوں کا نیا ہدف 15 ہزار 270 ارب روپے مقرر کیا ہے، جو کہ موجودہ مالی سال کے مقابلے میں 2 ہزار 300 ارب روپے زیادہ ہے۔

پچھلے مالی سال میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں 9 ہزار 311 ارب روپے رہیں، جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے براہ راست ٹیکس وصولی کا ہدف 6 ہزار 570 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

رواں مالی سال کے لیے یہ ہدف 5 ہزار 512 ارب روپے تھا۔ آئی ایم ایف کے حکام اگلے بجٹ کی نگرانی کریں گے، اور اس سلسلے میں ایک وفد 4 اپریل کو پاکستان آئے گا۔

ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ کے نکات اور تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی، جن میں آمدنی کے ذرائع اور اخراجات پر قابو پانے کے اقدامات شامل ہوں گے۔