وزارت خزانہ نے سرکاری قرضوں کے بارے میں اپنی پہلی ششماہی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر 2024 تک سرکاری قرضوں کا مجموعی حجم 74 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔
اس 6 ماہ کے دوران قرضوں پر 5142 ارب روپے کا سود ادا کیا گیا، جس میں 90 فیصد مقامی قرضے شامل تھے۔ مقامی قرضوں کا حجم 49,883 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضے 24,130 ارب روپے رہے۔
رپورٹ کے مطابق، اندرونی قرضوں کی واپسی کی اوسط مدت 2.9 سال سے بڑھ کر 3.4 سال ہو گئی ہے، جبکہ بیرونی قرضوں کی میچورٹی کی مدت 6.2 سال پر برقرار رہی۔ مالی خسارہ 1538 ارب روپے رہا، جسے مقامی قرضوں کے ذریعے پورا کیا گیا۔
پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز اور اجارہ سکوک جاری کرنے سے ایک ہزار ارب روپے کے بائی بیک میں 31 ارب روپے کی بچت کی گئی۔ ششماہی رپورٹ میں مہنگائی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی، اور ایکسچینج ریٹ کے مستحکم رہنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔