سونے کی قیمت میں نئے ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری: مزید بڑا اضافہ

کراچی: ملک میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے اور آج بھی سونے کے نرخ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 2,380 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سونا 3 لاکھ 23 ہزار 380 روپے فی تولہ پر پہنچ گیا۔ اسی طرح، 10 گرام سونے کی قیمت میں 2,041 روپے کا اضافہ ہوا، اور یہ 2 لاکھ 77 ہزار 246 روپے تک جا پہنچا۔

عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا جہاں نرخ 22 ڈالر اضافے کے بعد 3,074 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2025 میں سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 22,880 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ رواں سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران سونے کے نرخ 50,780 روپے تک بڑھ چکے ہیں۔