پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

اسلام آباد: عوام کے لیے اچھی خبر، یکم اپریل سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔

تیل کمپنیز ذرائع کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی کے بعد ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں تقریباً 2 روپے فی لیٹر کم ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف جلد بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے ایک جامع پروگرام پیش کریں گے۔

وزیر پیٹرولیم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور بنیادی صحت مراکز کی اپ گریڈیشن کے لیے کام کر رہی ہے، جبکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی معیشت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ضروری اقدام ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں سحر و افطار کے دوران گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ سولر سسٹم کنکشنز کے لیے بھی نئی پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے۔