9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو سزا دینی پڑے گی، ڈی جی آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کررہےہیں، پاکستان میں دہشتگرد حملوں کا مقصد معاشی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹھوس شواہد موجود ہیں ٹی ٹی پی پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین استعمال کررہی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے جواب میں افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پنا گاہوں کے خلاف کارروائی کی، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی سرکوبی کے لیے ہر حد تک جائیں گے، فوج کی اولین ترجیح ملک میں امن قائم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں میں چینی انجینئرز پر خود کش حملے کی کڑیاں بھی سرحد پار سے ملتی ہیں، اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کا افغانستان سے کنٹرول کیا جارہا تھا، پاکستان میں دہشتگرد حملوں کا مقصد معاشی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی پر حملے کو فوجی جوانوں نے ناکام بنایا، 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، دہشت گردی کی ناکام کارروائیاں ثبوت ہیں کہ فورسز دشمن کے عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کررہا ہے، بھارتی ایجنسیوں نے پاکستان میں 2 شہریوں کو قتل کیا، پاکستان دہشتگردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑےگا، پاکستان میں دہشتگردوں کیلیے کوئی جگہ نہیں، انہیں کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

میجر جنرل احمد شریف نے زور دیا کہ لاپتہ افراد کے مسئلے کو بڑھاچڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، ملوث افراد کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی فوج نہیں بلکہ عوام کا مقدمہ ہے، 9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو آئین کے مطابق سزا دینی پڑے گی۔