بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ 2 کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
جمعرات کے روز اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران ملزمان عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
اسپیشل کورٹ سینٹرل ون اسلام آباد کی جانب سے دونوں ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی اور جج نے فرد جرم پڑھ کر سنائی۔
عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی ابتدائی تحقیقات قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے کی تھیں تاہم، نیب ترامیم کی روشنی میں یہ کیس بعدازاں، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف ائی اے ) کو منتقل کر دیا گیا تھا۔
ستمبر میں ایف آئی اے نے ضروری تحقیقاتی کارروائی کے بعد چالان عدالت میں جمع کروایا تھا۔