سپریم کورٹ آف پاکستان میں عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان، اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدلیہ میں بھی عید تعطیلات کا اعلان

سپریم کورٹ آف پاکستان میں عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔

سپریم کورٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق عدالت عظمیٰ میں عید کی تعطیلات 29 مارچ سے 2 اپریل تک ہوں گی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی ہدایت پر رجسٹرار آفس نے تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

واضح رہے کہ ملک میں عیدالفطر 31 مارچ بروز پیر کو ہونے کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات اور اسپارکو نے عیدالفطر 31 مارچ کو ہونے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائےگا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدلیہ میں عید کی تعطیلات کا اعلان

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدلیہ میں عیدالفطر کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور سیشن کورٹس میں 29 مارچ سے 2 اپریل تک عید کی تعطیلات ہوں گی۔

ڈپٹی رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق عدالتی امور 3 اپریل سے معمول کے مطابق بحال ہو جائیں گے۔