اسلام آباد: پولیس نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر عام افراد کا ریڈ زون میں داخلہ بند کردیا۔
پولیس کی جانب سے ریڈ زون کے داخلی راستوں پر کنٹینرز رکھ دئیے گئے ہیں اور ریڈ زون میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخل ہونے سے روکا جارہا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں احتجاج متوقع ہے، تحریک انصاف کے کارکنان تینوں حلقوں میں شام چار بجے جمع ہوں گے پولیس کی جانب سے کسی بھی ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل کے گھر گزشتہ رات گئے چھاپہ بھی مارا گیا ہے۔ پولیس نے کسی بھی احتجاج یا ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام میں انتشار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو قانون فی الفور حرکت میں آئے گا، قانون ہاتھ میں لیا گیا تو سختی سے نمٹا جائے گا۔
دریں اثنا اڈیالہ جیل اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے، اڈیالہ جیل کو جانے والے راستے پر اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ اڈیالہ روڈ پر مختلف مقامات پر نئی پکٹس قائم کردی گئی ہیں۔
نو مئی کے پیش نظر راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ راولپنڈی میں غیر قانونی اجتماع اور ریلیز پر پابندی لگادی گئی ہے۔ اڈیالہ روڈ پر کسی قسم کی ریلی یا احتجاج پر بھی پابندی لگادی گئی۔ اڈیالہ جیل کے داخلہ اور خارجی راستوں پر بھی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور سینئر پولیس افسران نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، سابق صدر مملکت عارف علوی کی آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات متوقع ہے۔