دوسرے ٹی 20 میں شاہینوں نے آئرلینڈ کے پر کتردیے گرین شرٹس نے آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی

دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

پاکستان نے آئرلینڈ کا 194 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 16.5 اوورز میں مکمل کر لیا۔

ڈبلن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

آئرلینڈ کی بیٹنگ

آئرلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز پال اسٹرلنگ اور اینڈی بلبرنی نے ٹیم کو 29 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن چوتھے اوور کی دوسری گیند پر شاہین نے آئرش کپتان اسٹرلنگ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ابھی میزبان ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ دو گیندوں بعد شاہین نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے گزشتہ میچ کے ہیرو بلبرنی کی اننگز کے آگے 16 رنز پر فل اسٹاپ لگا دیا۔

اس کے بعد لورکان ٹکر اور ہیری ٹیکٹر کی جوڑی یکجا ہوئی اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 62 رنز کی ساجھے داری بنائی۔

ہیری ٹیکٹر نے 32 رنز کی اننگز کھیلی لیکن عباس آفریدی نے شاہین کی مدد سے ٹیکٹر کو چلتا کردیا۔

دوسرے اینڈ سے لورکان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور کرٹس کیمفر کے ساتھ مل کر اسکور کو 137 تک پہنچا دیا لیکن عامر نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر کیمفر کا کام تمام کردیا۔

جیارج ڈوکریل نے 15 جبکہ لورکان نے 34 گیندوں پر 51 رنز کی باریاں کھیلیں۔

اختتامی اوورز میں گیرتھ ڈیلینی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 10 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 193 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔

یوں آئرلینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوور میں 49 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عباس آفریدی نے 4 اوور میں 33 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ان کے علاوہ محمد عامر نے 4 اوور میں 44 رنز دے کر ایک وکٹ لی، نسیم شاہ نے 4 اوور میں 36 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، عباس آفریدی نے 2 جبکہ عامر اور نسیم نے ایک، ایک وکٹیں اپنے نام لیں۔

پاکستان کی بیٹنگ

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو صائم ایوب نے چھکا مار کر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن محض 6 رنز بناکر تیسری ہی گیند پر وہ پویلین لوٹ گئے۔

13 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے فخر زمان آئے اور دونوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور 77 گیندوں پر 140 رنز کی ساجھے داری بنا کر پاکستان کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔

فخر زمان نے 40 گیندوں پر 6 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے لیکن 153 کے مجموعے پر بین وائٹ نے بائیں ہاتھ کے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

دوسرے اینڈ سے رضوان نے بھی بہترین کھیل پیش کیا جبکہ نئے آنے والے بلے باز اعظم نے وکٹ پر آتے ہی 10 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 30 رنز بٹور کر پاکستان کو 19 گیندوں قبل ہی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

رضوان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

یوں پاکستان نے آئرلینڈ کی جانب سے دیا گیا 194 رنز کا ہدف باآسانی 17 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

یاد رہے کہ ڈبلن میں آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی 20 میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ اتوار کو کلونٹارف کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرا ٹی20 میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہونا تھا جو بارش کی وجہ سے کچھ دیرتاخیر کا شکار ہو گیا، اور 45 منٹ تاخیر کے بعد ٹاس کیا گیا۔

ٹاس 7 بج کر 20 منٹ پر ہوا تو پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد بابر اعظم کی قیادت والی ٹیم کے لیے غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ آج کی شکست کا مطلب ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے قریب سیریز میں شکست ہوگی۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی جس کے نتیجے میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شاداب خان، اعظم خان اور عباس آفریدی کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پہلے ٹی20 میچ میں خراب کارکردگی کے بعد شاداب خان کی جگہ محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ آل راؤنڈر کے طور پر ٹیم میں شامل شاداب خان کوئی بھی رن بنانے میں ناکام رہے جب کہ بولنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو 54 رنز دے دیے۔

پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابراعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، عباس آفریدی، محمد عامرشامل ہیں۔

آئرلینڈ کی ممکنہ پلیئنگ الیون

آئرلینڈ کی پلیئنگ الیون میں پال اسٹرلنگ (کپتان)، مارک ایڈیر، اینڈریو بلبرنی، کرٹس کیمفر، گیرتھ ڈیلانی، جارج ڈوکریل، گراہم ہیوم، ہیری ٹییکٹر، لورکن ٹکر (ڈبلیو کے)، بین وائٹ، کریگ ینگ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ آئرلینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز مکمل کرنے کے بعد پاکستان انگلینڈ کا دورہ کرے گا اور وہاں 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا جو 30 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے۔

دورہ انگلینڈ کے بعد پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوگا جہاں اسے روایتی حریف بھارت، کینیڈا، امریکا اور آئرلینڈ کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔