قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں معطل کردی گئیں

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں معطل کر‌کے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نےمخصوص نشستیں معطل کردیں اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی 8خواتین کی نشستوں کو  معطل کیا گیا ، جن میں ن لیگ کی 4، جے یوآئی کی 2 اور پی پی کی 2 خواتین کی نشستیں شامل ہیں۔

قومی اسمبلی میں 3اقلیتوں کی رکنیت بھی معطل کی گئی جبکہ پنجاب سے قومی اسمبلی کی خواتین کی 11 مخصوص نشستوں کو  معطل کیا ، جن میں ثمینہ خالد گھرکی، نتاشہ دولتانہ،سائرہ افضل تارڑ،ہمااختر،رابعہ نسیم شامل ہیں۔

اسی طرح خیبر پختوانخوااسمبلی سے 21اراکین کی رکنیت معطل کی گئی جبکہ سندھ اسمبلی میں مخصوص نشست پر کامیاب پی پی کی سمیتا افضال اور :ایم کیوایم کی مسرت جبین کی رکنیت بھی معطل ہوگئی۔

مخصوص نشست پر کامیاب پی پی کے سریندر ولاسائی کی رکنیت بھی معطل کردی گئی اور معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

یاد رہے الیکشن کمیشن کومخصوص نشستوں پرارکان کوڈی نوٹیفائی نہ کرنے کی تجویز دی گئی تھی، ذرائع نے بتایا تھا کہ الیکشن کمیشن کےلا ونگ نے مخصوص نشستوں سےمتعلق اپنی رائےدی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اورپشاور ہائیکورٹ کافیصلے کالعدم قرار نہیں دیا، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیا ہے، سپریم کورٹ کے حکم کے عین مطابق عمل درآمد کیا جائے۔

لاونگ نے رائے دی کہ فیصلے کےمطابق رکنیت معطل کی جا سکتی ہےڈی نوٹیفائی نہیں، الیکشن کمیشن نےسپریم کورٹ کےفیصلے پر لا ونگ سے رائے طلب کی تھی۔