لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ ہتک عزت کا نیا قانون لانے پر سب متفق ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نئے قانون کا جلد فیصلہ کیا جائے گا اور ہتک عزت کانیا قانون سوشل میڈیا پر بھی لاگو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد اور بہنوں پر الزام لگائے گئے، ہتک عزت پر پہلا کیس خود لاؤں گی، جس پر ہتک عزت کا الزام ثابت ہوا اسے 3 ملین کا ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے ایک جج کو ٹربیونل کا درجہ دیا جائے گا، جج کو دن میں صرف 2 کیس سننے ہوں گے،کیس 180 دنوں میں مکمل کیے جائیں گے جب کہ ہتک عزت قانون پر کسی کو مسئلہ ہے تو اتوار تک اعتراض داخل کردے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ نیا قانون سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتے، حکومت بہتری لانے کی کوشش کرے تو تنقید شروع کردی جاتی ہے۔