لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد عامر متحدہ عرب امارات کیلئے پاکستانی سفیر نامزد

لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عامر کو متحدہ عرب امارات کے لئے پاکستان کا نیا سفیر نامزد کر دیا گیا ہے۔

گوجرانوالہ کور کے سابق کمانڈر نے 11 ماہ قبل فوج میں ملازمت کی مدت مکمل کی۔ وہ سید فیصل نیاز ترمذی کی جگہ لے رہے ہیں جن کا تبادلہ کرکے بلجیم اور یورپی یونین (EU) کے سفیر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔

موقر قومی اخبار کے مطابق اعلیٰ سطح کے سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو پیشہ ورانہ طور پر پبلک ڈیلنگ کا وسیع تجربہ ہے کیونکہ وہ صدر آصف علی زرداری کے پہلے دور میں ایوان صدر کے ملٹری سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور سفارتی خوبیوں سے بخوبی واقف ہیں۔

انہوں نے پاکستان آرمی کی آرٹلری رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ مختلف اہم عہدوں اسٹاف، انسٹرکشنل اور کمانڈ اسائنمنٹس پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔

چیف آف آرمی اسٹاف سیکرٹریٹ میں ڈائریکٹر جنرل اسٹاف ڈیوٹیز کے طور پر بھی کام کرچکے ہیں ، جس سے انہیں پیشہ ورانہ امور سے نمٹنے کا کافی تجربہ حاصل ہے۔

ایک بریگیڈیئر کے طور پر، وہ 2011 سے 2013 تک صدر آصف زرداری کے ملٹری سیکرٹری رہے۔ بطور میجر جنرل، محمد عامر نے 2017 سے 18 تک لاہور میں 10انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ کی۔

11ستمبر 2019کو انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ انہیں ستمبر2019میں جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔

حکومت نے جنرل عامر کی تقرری کے لئے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے رضامندی مانگی ہے اور اسی طرح فیصل ترمذی کے لئے بھی برسلز سے رضامندی مانگی گئی ہے۔