بشریٰ بی بی نے علی امین پر پتھراؤ کرایا، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے چند الزامات لگائے، غیر ملکی میڈیا کو گمراہ کن بریفنگ کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیرملکی میڈیا کو دی جانے والی میڈیا بریفنگ جھوٹ پر مبنی ہے، وزیراعلیٰ کے پی کی ملک دشمنی کو عوام کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کے سوا ان کا کوئی کوئی کام نہیں ہے، وزیراعلیٰ علی امین کے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں، یہ لوگوں کو تشدد پر اکساتے ہیں اور دوڑ لگا دیتے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ علی امین کہتے ہیں اگلی کال پرُامن نہیں ہوگی، یہ بتائیں ان کی کون سی کال پُرامن رہی ہے، دھمکیاں دینے کا سلسلہ 2024 سے جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کے سوا ان کا کوئی کام نہیں ہے، بشریٰ بی بی نے علی امین پر پتھراؤ کرایا، بوتلیں بھی پھینکی گئیں، فوٹیج سامنے آگئی ہے کہ کارکنوں نے آپ کی گاڑی پر پتھر مارے، آپ صوبے کو سنبھالنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ شہید رینجرز اور پولیس والوں کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں، 26 نومبر کو انتشار اور لاشوں کی سیاست کی گئی۔