وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا حالیہ دورۂ چین انتہائی کامیاب رہا، جس دوران چینی کمپنیوں نے پنجاب میں 13 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔ اس دورے کے نتیجے میں پنجاب میں معاشی ترقی اور عالمی شراکت داری کے فروغ کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
مریم نواز کی میزبانی میں چین میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں چینی کمپنیوں نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ کانفرنس میں آئی ٹی، ماحولیات اور گرین انرجی کے شعبوں میں اہم معاہدے طے پائے، جن میں گوبی پارٹنرز کی جانب سے پنجاب میں 50 ملین ڈالر (تقریباً 13 ارب 88 کروڑ روپے) کی سرمایہ کاری کے فنڈ کے قیام کا اعلان شامل ہے۔
چینی کمپنی سولر این پلس اور حکومت پنجاب کے درمیان سولر ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ایم او یو پر دستخط ہوئے، جب کہ گوبی پارٹنرز اور بینک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ بھی طے پایا۔ اس معاہدے کا مقصد پنجاب میں اسٹارٹ اپس اور چھوٹے کاروباروں کے لیے مالیاتی نظام کو مستحکم کرنا ہے، اور گوبی فنڈ کاروباری ترقی کے لیے قرض، ایکویٹی سرمایہ کاری، مالیاتی حل اور رہنمائی فراہم کرے گا۔
اس کانفرنس میں پنجاب کے سرمایہ کاروں کو مختلف اقتصادی مراعات سے آگاہ کیا گیا، جن میں ٹیکس چھوٹ، اسپیشل انڈسٹریل زونز اور دیگر سہولتیں شامل ہیں، جو پنجاب کو سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی مقام بناتی ہیں۔ چینی کمپنیوں نے پنجاب میں گرین انرجی کے فروغ کے لیے شمسی توانائی کے منصوبوں پر کام کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ سولر این پلس پنجاب میں جدید سولر ٹیکنالوجی کی تعارف، کیپسٹی بلڈنگ اور مرکز کے قیام کے لیے کام کرے گی۔