بانی چیئرمین کو آج خود سپریم کورٹ آنے دینا چاہیے تھا: فیصل جاوید

رہنما پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) فیصل جاوید نے کہا ہے کہ آج  بانی چیئرمین کو آج خود سپریم کورٹ آنے دینا چاہیے تھا۔

فیصل جاوید نے سپریم کورٹ کے باہر گفتگو کے دوران بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ روز دو کیسز میں ضمانت ملنے پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللّٰہ کا شکر ہے بالآخر حق اور سچ کی جیت ہوئی ہے۔

فیصل جاوید نے کہا کہ گزشتہ روز ہائی کورٹ کا فیصلہ آیا کہ اِنہیں رہا کیا جائے، عدت نکاح کیس میں پراسیکیوٹر باہر چلے گئے، یہ بھی بریت کا کیس ہے۔

اُن کا آج سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت پر کہنا تھا کہ سائفر کیس بھی ایک سے دو سماعتوں میں ختم ہو جانا چاہیے، اس کیس کی پچھلی سماعت براہ راست تھی آج بھی لائیو اسٹریم ہونی چاہیے۔

فیصل جاوید نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر تمام پاکستان والے آج رات بھر سوئے نہیں ہیں، کمرہ عدالت میں موجود لوگ تو دیکھیں گے، باہر والوں کو بھی دیکھنے دینا چاہیے۔

فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ہمیشہ امیدوار ووٹر کو ڈھونڈتے تھے، ہمارے ووٹر نے اپنے امیدواروں کو ڈھونڈا ہے۔

واضح رہے کہ آج بانی پی ٹی آئی راولپنڈی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے سپریم کورٹ میں حاضری دیں گے۔

جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری سے متعلق بتا دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے عملے اور جیل حکام نے ویڈیو لنک کنیکشن پر رابطہ بھی کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب ترامیم کیس میں آج بانی پی ٹی آئی ویڈیو لنک پر دن 11:30 بجے سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔