ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کا حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر تلاش کرلیا گیا ہے، سرچ ٹیمیں تباہ ہیلی کاپٹر کے ملبے تک پہنچ گئی ہیں۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیمیں ایرانی صدر رئیسی کے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ملبے تک پہنچ گئی ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئيسی کے ہمراہ وزیر خارجہ بھی موجود تھے، ریسکیو ٹیمیں حادثے کے مقام پر موجود ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد صدر رئیسی کے بچنے اور زندہ ہونے کی توقعات کم ہیں کیونکہ ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔
ایرانی صدر کا انتخابی عمل
ایران کے آئین کے مطابق، اگر ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹرحادثے میں انتقال کر گئے تو ایران کے نائب صدر محمد مخبر صدارتی فرائض سنبھالیں گے جس کے بعد ایرانی آئین کے مطابق 50 دن کے اندر صدارتی انتخابات کروائے جائیں گے۔
ایران کے آئین کے آرٹیکل 131 کے مطابق، اگر کوئی صدر اپنے دورِ اقتدار کے دوران نا اہل قرار دے دیا جاتا ہے یا پھر انتقال کر جاتا ہے تو سپریم لیڈر کی جانب سے تمام تر صورتحال کی تصدیق ہونے کے بعد نائب صدر اقتدار سنبھالتا ہے۔
بعد ازاں نائب صدر، پارلیمنٹ کے اسپیکر اور عدلیہ کے سربراہ پر مشتمل ایک کونسل کو 50 دنوں کے اندر نئے صدر کا انتخاب کروانا ہوتا ہے۔