مجھے کولون کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، سینیئر آرٹسٹ فردوس جمال

معروف پاکستانی اداکار فردوس جمال نے انکشاف کیا ہے کہ، وہ کولون کینسر سے لڑ چکے ہیں اور صحت یابی کی طرف لوٹ رہے ہیں۔

حال ہی میں ایک نجی نیوز چینل کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے لیجنڈری اداکار فردوس جمال نے بتایا کہ، انہیں کولون کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کی سرجری ہوئی ہے، اس کے بعد اس بیماری کے علاج کے لیے تابکاری اور کیموتھراپی کی گئی۔

سینیئر اداکار نے اپنے مداحوں سے ان کی صحت کے لئے دعا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ، میں نے کبھی لوگوں کو یہ نہیں بتایا کہ میں بیمار ہوں یا نہیں۔ میرے پیٹ میں کینسر تھا۔ میری سرجری ہوئی اور پھر کیموتھراپی اور ریڈیو تھراپی کی گئی۔

واضح رہے کہ معروف اداکار فردوس جمال کو دسمبر 2022 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کی تصدیق ان کے بیٹے حمزہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں کی تھی۔ انہوں نے اس پوسٹ میں اپنے والد کی جلد صحتیابی کے لیے لوگوں سے دعا کی اپیل بھی کی تھی۔

شوبز برادری کے ساتھ ساتھ معروف سیاسی شخصیات سمیت متعدد سماجی صارفین نے اداکار فردوس جمال کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

فردوس جمال ایک سینیئرپاکستانی ٹیلی ویژن، تھیٹر، اسٹیج اور فلم اداکار ہیں۔ 1970 کی دہائی کے وسط میں ہندکو ڈراما سیریل سے اپنے کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے ، انہوں نے کم از کم 300 ٹی وی ڈراموں ، 150 اسٹیج ڈراموں ، 200 ریڈیو ڈراموں اور 50 فلموں میں کام کیا۔