یوٹیوب نے 28 ملین ویوز لینے والا چاہت فتح علی خان کا گانا 'بدو بدی' ڈیلیٹ کردیا

مزاحیہ انداز میں گلوکاری کرکے سوشل میڈیا پر شہرت پانے والے چاہت فتح علی خان کے مشہور گانے ’بدو بدی‘ کو یوٹیوب نے ڈیلیٹ کردیا۔

چاہت فتح علی خان کا یہ گانا ماضی کے مقبول گانے ’اکھ لڑی بدو بدی‘ کا ری میک تھا جس نے یوٹیوب پر دیکھتے ہی دیکھتے 28 ملین ویوز حاصل کر لیے تھے۔

یہ گانا ناصرف پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اپنی ریلز (مختصر ویڈیوز) پر لگارہے تھے بلکہ بھارتی صارفین سمیت چند بھارتی اداکاروں نے بھی اس پر ویڈیوز بنائیں۔

تاہم اس وائرل گانے بدو بدی کو اب یوٹیوب سے ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ کاپی رائٹ ہے۔

متعدد میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یوٹیوب کی جانب سے چاہت فتح علی خان کے گانے بدو بدی کو غیر قانونی طور پر گانے اور اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کرنے کے نتیجے میں حذف کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چاہت فتح علی خان نے اپنے متعدد گانوں کے بعد بدو بدی گزشتہ ماہ ریلیز کیا تھا۔

معروف پنجابی گانا ’اکھ لڑی بدو بدی‘ ملکہ ترنم نور جہاں کی ملکیت ہے جسے چاہت فتح علی خان نے بغیر اجازت کے گایا اور یوٹیوب پر اپلوڈ کیا تھا۔

دوسری جانب آج کل اداکار و گلوکار چاہت فتح علی خان مشہور قوال استاد نصرت فتح علی خان کی جانب سے گایا گیا مشہور گانا ’جے تو اکھیاں دے سامنے نہیں رہنا‘ کی ری میکنگ میں بھی مصروف ہیں۔

اس کے علاوہ وہ 17 جون کو متوقع عیدالاضحیٰ پر فلمی دنیا میں اپنا ڈیبیو بھی کرنے جا رہے ہیں۔