امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز کیخلاف مقدمہ درج

معروف امریکی گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز ایک بار پھر قانونی تنازعے کا شکار ہو گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فوٹوگرافر ایڈون بلانکو اور فوٹو ایجنسی بیک گرڈ نے جینیفر لوپیز کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں ان پر بغیر اجازت لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

مقدمے کے مطابق یہ تصاویر گولڈن گلوبز ویک اینڈ کے دوران کھینچی گئیں اور بعد میں لوپیز نے انہیں انسٹاگرام اور ایکس پر کیپشن کے ساتھ شیئر کیا۔

مدعیان کا مؤقف ہے کہ یہ تصاویر تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کی گئیں، جن کا مقصد لوپیز کی ذاتی تشہیر اور برانڈ کے شراکت داروں کو فروغ دینا تھا۔ ان تصاویر کو بعد میں متعدد مداحوں اور فیشن پیجز نے بھی شیئر کیا۔

قانونی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ ہر تصویر کے لیے کاپی رائٹ کے تحت 150,000 ڈالرز تک ہرجانہ طلب کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ لوپیز کو اس نوعیت کے مقدمے کا سامنا ہے، وہ اس سے قبل بھی غیر مجاز فوٹو شیئرنگ پر قانونی کارروائیوں کا سامنا کر چکی ہیں۔