آصف رضا میر اور سجل علی ایک بار پھر اسکرین پر ایک ساتھ، نئی ڈرامہ سیریل میں والد بیٹی کے کردار میں جلوہ گر
کراچی: معروف سینئر اداکار آصف رضا میر نے اپنی سابقہ بہو سجل علی کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلقات پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے آصف رضا میر نے انکشاف کیا کہ وہ اور سجل علی جلد ہی نئی ڈرامہ سیریل ’’میں منٹو نہیں ہوں‘‘ میں ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے، جہاں وہ سجل کے والد کا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کاسٹنگ کے وقت بعض حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے، تاہم انہوں نے ان تمام باتوں کو نظرانداز کرتے ہوئے پروفیشنلزم کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سجل علی نے بھی کام کے دوران بھرپور اعتماد اور پیشہ ورانہ رویہ اپنایا۔
آصف رضا میر نے احد رضا میر اور سجل علی کی ایک حالیہ وائرل ویڈیو پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خاندان سوشل میڈیا کے بے بنیاد تبصروں سے متاثر نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ تعلقات وقت کے ساتھ بدلتے ہیں اور زندگی میں آگے بڑھنا ہی عقلمندی ہے۔
