جھوٹی ملازمتوں کی آفرز، شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس نے خبردار کردیا

 ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے فلم پروڈکشن ہاؤس ‘ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ’ نے جھوٹی ملازمتوں کی پیشکش کرنے والوں کے خلاف بیان جاری کرتے ہوئے مداحوں کو خبردار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز بالخصوص واٹس ایپ پر شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس کے نام سے ملازمتوں کے جھوٹے پیغامات کی تشہیر کی جارہی تھی، تاہم اب اداکار کی کمپنی نے اس حوالے سے بیان جاری کردیا ہے۔

شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس ‘ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ’ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ یہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خاص طور پر واٹس ایپ پر ہمارے پروڈکشن ہاؤس کا نام استعمال کرکے ملازمتوں کی آفرز دی جارہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ تمام ملازمتیں جھوٹی ہیں اور ہمارے پروڈکشن ہاؤس کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم واضح طور پر یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ ملازمتوں کے مواقع سے متعلق کبھی بھی واٹس ایپ یا کسی دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تشہیر نہیں کرتی۔

پروڈکشن ہاؤس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم ملازمتوں سے متعلق اعلان ہمیشہ اپنے آفیشل چینل کے ذریعے کرتے ہیں۔