الیکشن کمیشن نے 2 اضافی الیکشن ٹریبونل تشکیل دے دیئے، ٹریبونلز نئے صدارتی آرڈیننس کے تحت قائم کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق جسٹس (ر) ظفر اقبال بہاولپور کے اضافی الیکشن ٹریبونل جج ہوں گے، جسٹس (ر) شکور پراچہ راولپنڈی کے اضافی الیکشن ٹریبونل جج ہوں گے جبکہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں کے ٹریبونل جج بھی جسٹس (ر) شکور پراچہ ہی ہوں گے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق 2 نئے ٹریبونلز کے قیام کا نوٹیفکیشن 7 جون کو جاری کیا گیا، وفاقی حکومت نے صدارتی آرڈیننس کے تحت الیکشن کمیشن کو ریٹائرڈ ججز کی بطور ٹریبونل تعیناتی کا اختیار دیا تھا۔
الیکشن کمیشن ممبران نے ہی متعدد ریٹائرڈ ججز کے نام تجویز کیے تھے جس میں ان دونوں ریٹائرڈ ججوں نے ٹریبونل کی سربراہی پر آمادگی ظاہر کی تھی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ٹریبونل ججز کی تقرری صرف اور صرف الیکشن کمیشن کا اختیار ہے جبکہ صدارتی آرڈیننس کے تحت ریٹائرڈ ججز کی تقرری کیلئے مشاورت پر پابند نہیں کیا گیا لہٰذا الیکشن کمیشن ممبران نے ہی متعدد ججز کے نام تجویز کیے ہیں۔