زیادہ سیلز ٹیکس کا نفاذ موجودہ اور مستقبل کی سرمایہ کاری کیلئے خطرہ قرار

وزارت صنعت و پیداوار  نے بھی نئے بجٹ میں ہائبرڈ اور مقامی گاڑیوں پر 25 فیصد سیلز ٹیکس واپس لینے کی درخواست کردی۔

وزارت صنعت و پیداوار نے سیکرٹری خزانہ اور چئیرمین ایف بی آر کے نام خط لکھ کر ہائبرڈ اور مقامی گاڑیوں پر 25 فیصد جنرل سیلز ٹیکس واپس لینے کی درخواست کی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ہائبرڈ اور مقامی گاڑیوں پر جی ایس ٹی ساڑھے 8 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کیا گیا۔ ٹیکس میں اضافہ آٹو انڈسٹری ڈویلپمنٹ اور ایکسپورٹ پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔

پالیسی کے تحت مقامی اور درآمدی ہائبرڈ گاڑیوں پر ساڑھے 8 فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز تھی۔ کئی معروف آٹو مینوفیکچررز ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں سرمایہ کاری کرچکے ہیں۔ مزید کمپنیاں بھی مستقبل قریب میں اس طرح کی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کررہی ہیں۔ زیادہ سیلز ٹیکس کا نفاذ موجودہ اور مستقبل کی سرمایہ کاری کیلئے خطرہ ہوگا۔