جذبہ حب الوطنی، خوبصورت مناظراور محسور کن موسیقی سے بھرپور فلم ’ابھی‘

کراچی میں اداکارہ کبری خان کی نئی فلم ’ابھی‘ کا خصوصی پرمیئیر منعقد کیا گیا، ریڈ کارپٹ پر فلمی ستاروں کی آمد نے چار چاند لگائیے۔

مقامی سینما میں فلم کی اسکرینگ ہوئی تو کاسٹ سمیت دیگر ستاروں نے بھی شرکت کی، جذبہ حب الوطنی سے بھرپور فلم ’ابھی‘ میں اداکارہ کبری خان کے ساتھ گوہر ممتاز نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

رومانوی تھرلر فلم میں نہ صرف پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور آزاد کشمیر کے خوبصورت مناظر دکھائی گئے ہیں بلکہ فلم میں ترکی کے مناظر بھی شامل ہیں۔

گوہر ممتاز خان کا کہنا تھا کہ فلم زیادہ تر پاکستان میں شوٹ ہوئی ہے فلم کی موسیقی محسور کن ہے جبکہ میرا کردار بھی ایک کشمیری گلوکار کا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم مکمل کرنے میں 5 سال لگے ہمیں اس طرح کی فلم بنانے کی ضرورت تھی جس سے پاکستان کا مثبت چہرا دکھایا جائے ہم چاہتے تھے کہ دیکھنے والا فلم دیکھ کر خود پر فخر محسوس کرے ۔

اس فلم سے کبریٰ خان کم از کم چار سال بعد جب کہ گوہر ممتاز تقریبا 6 سال بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہے ہیں۔

اداکارہ کبری خان کہتی ہیں یہ ایک مکمل پاکستانی فلم ہے جس کے گانے بہت ہی زیادہ اچھے ہیں جب ہماری اپنی بنائی ہوئی فلم کامیاب ہوتی ہے تو خوشی ہوتی ہے۔

فلم میں میڈیا پرسن کا کردار ادا کرنے والی کبری خان کا کہنا تھا کہ اس فلم میں اقلیتوں کے حقوق کی بات کی گئی ہے، اور ایسا پاکستان میں کم ہی ہوتا ہے۔

پریمیئر پر آئے اداکار فیصل قریشی، سلیم میراج ، عرفان موتی والا اور فیروز خان سمیت دیگر اداکاروں نے فلم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

فلم کی کہانی نہ صرف رومانوی بلکہ ٹریجڈی اور قوم پرستی کے گرد بھی گھومتی ہے۔

ابھی کاسٹ میں اداکار سلیم شیخ، عثمان پیرزادہ، محمود اسلم، احتشام الدین، حنا بیات اور آصف رضا میر سمیت دیگر شامل ہیں۔

فلم کی کہانی گوہر ممتاز نے شعیب ربانی کے ساتھ خود لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات اسد ملک دے رہے ہیں۔