بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نااہلی کے خلاف زیر التوا اپیل کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر کی جانب سے دائر درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف دائر اپیل کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات زیر التوا ہیں، سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس کی وجہ سے ہائیکورٹس میں کارروائی آگے نہیں بڑھ پا رہی۔
بیرسٹر علی ظفر کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نااہلی کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی ممبر اسمبلی نہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب ہو سکتے ہیں، زیر التوا اپیل کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں بھی حصہ نہیں لے سکتے، عدالت سے استدعا ہے کہ زیر التوا درخواستوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نااہلی کے خلاف 10 جنوری 2024 کو سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔