درفشاں اور احمد علی ڈرامہ صلاح الدین ایوبی کے دوسرے سیزن میں کاسٹ

اداکارہ درفشاں سلیم اور اداکار احمد علی اکبر کو اسلامی تاریخی پر بننے والی پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ سیریز سلطان صلاح الدین ایوبی کے دوسرے سیزن میں کاسٹ کرلیا گیا۔

اس سیریز کا پہلا سیزن پاکستان اور ترکیہ میں اپنی اپنی زبانوں میں نشر کیا جارہا ہے، پہلے سیزن کی پوری کاسٹ ترک اداکاروں پر مبنی تھی جبکہ اسی سیزن میں پاکستان کے سینئر اداکار محمد نورالحسن کی بھی انٹری ہوئی جنہوں نے شیخ عبدالقادر جیلانی کا کردار ادا کیا۔

اب سلطان صلاح الدین ایوبی کے دوسرے سیزن کے لیے کاسٹنگ شروع ہو گئی ہے اور اس سیریز میں ایک مضبوط کاسٹ کو دکھایا جائے گا جس میں پاکستانی اسٹارز بھی شامل ہوں گے۔

احمد علی اکبر اور درفشاں سلیم نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوریز میں سلطان صلاح الدین ایوبی کے دوسرے سیزن کا پوسٹر بھی شیئر کیا۔

اسلامی تاریخ پر مبنی سیریز کے لیے تقریبا 6 ہزار پاکستانی فنکاروں نے آڈیشن دیے تھے، قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ عائشہ عمر، ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی سیریز کی کاسٹ میں شامل ہوں گے لیکن اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔