امبانی کے بیٹے کی شادی میں پرفارمنس، جسٹن بیبر نےمعاوضے میں ریانا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی 'پری ویڈنگ' تقریبات میں پرفارم کرنے کیلئے معروف پاپ گلوکار جسٹن بیبر نے معاوضے کےمعاملے میں نامور گلوکارہ  ریانا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جسٹن بیبر امبانیوں کی شادی میں پرفارم کرنے کیلئے نامور گلوکارہ ریانا، بیونسے اور ایکون سے بھی زیادہ معاوضہ وصول کریں گے۔

 رپورٹ کے مطابق معروف کینیڈین پاپ گلوکار جسٹن بیبر کو آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی پری ویڈنگ تقریب میں پرفارم کرنے کیلئے  83 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 2 ارب 76 کروڑ 88 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے ) معاوضہ دیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جسٹسن بیبر آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی پری ویٹنگ تقریبات میں شرکت کیلئے ممبئی پہنچ چکے ہیں اور وہ ممبئی میں امبانی خاندان کی رہائش گاہ اینٹیلیا میں 5 جولائی کو جوڑے کے سنگیت کی تقریب میں پرفارم کریں گے۔

اس سے قبل جام نگر میں آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی پری ویڈنگ تقریبات میں پرفارم کرنے کیلئے نامور گلوکار ریانا نے 74 کروڑ، ایکون نے 2 سے 4 کروڑ بھارتی روپے وصول کیے تھے۔

پری ویڈنگ کے دوسرے دور میں پرفارم کرنے کیلئے گلوکارہ شکیرا نے   10 سے 15 کروڑ اور کیٹی پیری نے پری ویڈنگ کروز میں پرفارم کرنے کیلئے 45 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کیا تھا۔

آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی 19 جنوری 2023 کو ممبئی میں منگنی ہوئی جبکہ جوڑا رواں سال 12 جولائی کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔