190 ملین پاونڈ ریفرنس؛ اعظم خان، پرویز خٹک سمیت 4 گواہان عدالت طلب

اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان، سابق وزیر دفاع پرویز خٹک، زبیدہ جلال اور پٹواری گوہر عباس کو بطور گواہ طلب کر لیا۔

بانی چیئرمین پی ٹی ائی کے خلاف اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت پیش کیا گیا۔ نیب کی جانب سے امجد پرویز، سردار مظفر عباسی سمیت لیگل ٹیم عدالت میں پیش ہوئی جبکہ وکلاء صفائی عثمان گل، ظہیر عباس چوہدری ملزمان کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔

ریفرنس کی سماعت کے دوران 3گواہان پر جرح مکمل کرلی گئی۔ ایسٹ ریکوری یونٹ کے غلام حیدر، ڈی سی ایف بی ار محمد علی تاج اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف ائی اے یاسر عظیم کے بیان پر بھی جرح مکمل کر لی گئی۔

عدالت نے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان، سابق وزیر دفاع پرویز خٹک، زبیدہ جلال اور بنی گالہ کے پٹواری گوہر عباس کو بطور گواہ پیش ہونے کے نوٹسز جاری کر دیے۔

ریفرنس میں استغاثہ کے 30گواہان کی شہادت پر جرح مکمل ہوگئی ہے۔ عدالت نے مزید سماعت 10جولائی تک ملتوی کر دی۔