35 سال کی عُمر میں شادی کرنا اچھا فیصلہ ہے، صنم سعید

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید نے زائد عُمر میں شادی کرنے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کردیا۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران صنم سعید نے 35 سال کی عُمر میں شادی کرنے کے اپنے فیصلے کے بارے میں کُھل کر بات کی۔

صنم سعید نے کہا کہ کوئی بھی رشتہ اُسی وقت اچھا چل سکتا ہے جب انسان خود کو سمجھے کیونکہ جب تک کوئی بھی انسان اپنی ذات کو ہی نہیں سمجھ پاتا تو پھر وہ کسی دوسرے انسان سے کیسے یہ اُمید کرسکتا ہے کہ وہ اُسے سمجھے گا۔

اداکارہ نے کہا کہ جب انسان خود کو سنبھالنا شروع کردیتا ہے اور خود کو سمجھ لیتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ پھر وہ ہر رشتہ یا تعلق اچھے سے نبھا سکتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ 35 سال ایک میجیور عُمر ہے، اس عُمر میں شادی کا فیصلہ بہترین ہوتا ہے کیونکہ اس عُمر کے افراد پہلے ہی زندگی کے کئی تجربات سے سبق سیکھ چکے ہوتے ہیں۔

صنم سعید نے کہا کہ بےشک! 35 سال شادی کے لیے بڑی عُمر ہے لیکن اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہےکہ اگر کوئی اپنی پہلی شادی میں ناکام ہوچکا ہے یا پھر کسی کی بڑی عُمر تک شادی نہیں ہوئی تو وہ شادی ہی نہ کرے۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ ہمارے معاشرے کا عام تاثر ہے کہ 35 سال کے بعد شادی نہیں ہوسکتی، اس عُمر کے بعد عورت بوڑھی ہوجاتی ہے اور اُس کی دُنیا ختم ہوجاتی ہے۔

اُنہوں نے سینیئر جوڑی منظر صہبائی اور اداکارہ ثمینہ احمد کی مثال دیتے ہوئے مزید کہا کہ ثمینہ آپا اور منظر صاحب نے زائد عُمر میں شادی کرکے بہترین فیصلہ کیا کیونکہ محبت کسی بھی عُمر میں ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں صنم سعید اور محب مرزا نے اپنی شادی کا اعلان کیا تھا، دونوں اداکاروں کی یہ دوسری شادی ہے۔

صنم سعید سے قبل، محب مرزا نے سال 2005 میں اداکارہ آمنہ شیخ سے شادی کی تھی، دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے لیکن سال 2019 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

دوسری جانب صنم سعید نے سال 2015 میں اپنے دوست فرحان حسن سے شادی کی تھی تاہم اُن کی بھی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔