میری بہو کیلئے 'ساس' میں نہیں بلکہ قیصر ہیں: فضیلہ قاضی

پاکستان کی سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے اپنے شوہر  اداکار قیصر نظامانی سے متعلق کہا ہے کہ وہ ان کی بہو کی ساس کا کردار ادا کرتے ہیں۔

فضیلہ قاضی اور قیصر نظامانی کو شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی مانا جاتا ہے، دونوں نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے ازدواجی زندگی کی کامیابی و ناکامی پر گفتگو کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ہمارے گھر یہ قانون طے ہے کہ گھر کے معاملات میں دیکھوں گی اس میں قیصر دخل اندازی نہیں کریں گے جب کہ جو کام باہر کے ہیں وہ سارے قیصر دیکھیں گے۔

فضیلہ قاضی نے کہا کہ میں پھر بھی باہر کے کچھ کاموں میں قیصر کو مشورے دے دیتی ہوں۔

اداکارہ نے ہلکے پھلکے انداز میں بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ بھی گھر کے معاملات میں کچھ نہ کچھ بول ہی دیتے ہیں لیکن میں سنتی نہیں ہوں، گھر کی بہت دیکھ بھال کرنی پڑتی ہے خاص طور پر جب کام کرنے والی خواتین ہوں تو گھر کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جب آپ کا شوہر ایسا ہو کہ ہر چیز کو باریکی سے دیکھے کہ کہاں مٹی ہے اور کہاں نہیں تو بہت خیال رکھنا پڑتا ہے کیونکہ ان سے خود بھی صاف نہیں ہوتی۔

میزبان کے ایک سوال پر اداکارہ نے کہا کہ میری بہو کے لیے ساس قیصر ہیں، ان کے اندر ایک ساس ہے، مجھ سے بہو کی کافی دوستی ہے لیکن قیصر سے وہ تھوڑا گھبراتی ہے، جب میں باہر گئی تھی تو قیصر کو کھانے کی کافی پریشانی ہوتی تھی، یہ کھاتے کم ہیں لیکن فساد زیادہ ڈالتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا میری بہو بیچاری پریشان ہو جاتی تھی اور فون کرکے کہتی تھی کہ اماں میں کیا پکاؤں جو بابا کو پسند آئے گا، اماں آپ واپس کب آئیں گی؟