اداکارہ جویریہ عباسی نے نکاح کی تصدیق کردی، شوہر کون ہے؟

پاکستان کی سینئر اداکارہ جویریہ عباسی نے اپنے نکاح کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تین ماہ قبل شادی کرلی ہے۔

2 ماہ قبل اداکارہ نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مبہم پوسٹ شیئر کی تھی جس میں ان کا ہاتھ ایک مردانہ ہاتھ میں تھا اور انہوں نے انگلی میں انگوٹھی پہن رکھی تھی، اداکارہ نے اس تصویر پر کچھ واضح کیپشن تحریر نہیں کیا تھا۔

البتہ انہوں نے منگنی یا شادی کی خبروں کی تردید بھی نہیں کی تھی۔

اب ایک حالیہ مارننگ شو میں انہوں نے اداکار شہود علوی کے ساتھ شرکت کی اور اپنی شادی کی تصدیق کی۔

جویریہ عباسی نے بتایا کہ ان کی بیٹی عنزیلہ عباسی اور ان کے نکاح کے گواہ شہود علوی ہی تھے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تین ماہ قبل مختصر تقریب کے دوران، قریبی دوستوں کی موجودگی میں نکاح کرلیا ہے اور اب وہ اپنے شوہر کے ہمراہ خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں۔

جویریہ عباسی کا کہنا تھا کہ بیٹی عنزیلہ عباسی نے ہی انہیں شادی کا مشورہ دیا تھا، پہلے ان کی بیٹی اور شوہر کے درمیان تعلق قائم ہوا، اس کے بعد ہی انہوں نے شادی کی۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے شادی کرنے میں اس لیے تاخیر کی کیوں کہ پہلے ان پر زیادہ ذمہ داریاں تھیں، پہلے ان کی والدہ اور پھر والد علیل رہے جب کہ ان کی بہن انوشے عباسی سمیت ایک اور بہن اور بھائی بھی تاحال غیر شادی شدہ ہیں، اس لیے بھی انہوں نے شادی کرنے میں تاخیر کی۔

اداکارہ کے شوہر کون ہیں؟

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے اور شوہر کے درمیان کچھ عرصہ قبل تعلقات استوار ہوئے تھے، دونوں ایک تقریب میں ملے تھے جس کے بعد شوہر نے انہیں شادی کی پیشکش کردی تھی لیکن وہ اس وقت تک شادی کے لیے تیار نہ تھیں۔

جویریہ عباسی کے مطابق ان کے شوہر کاروباری شخصیت ہیں اور ان کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بشریٰ انصاری اور ثمینہ احمد نے اس عمر میں شادی کرکے ان جیسی خواتین کو حوصلہ دیا اور انہوں نے بھی شادی سے قبل بشریٰ انصاری سے متعدد بار بات کی تو انہوں نے بھی انہیں جلد شادی کرنے کا مشورہ دیا۔

واضح رہے کہ جویریہ عباسی نے پہلی شادی اداکار شمعون عباسی سے نوجوانی میں 1997 میں کی تھی تاہم دونوں نے 2007 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی، دونوں کے ہاں شادی کے دو سال بعد بیٹی عنزیلہ عباسی کی پیدائش ہوئی تھی۔

بیٹی کی شادی کے ایک سال بعد اب جویریہ عباسی نے بھی نئی زندگی کی شروعات کردی جب کہ شمعون عباسی پہلے ہی تیسری شادی کر چکے ہیں۔