سپریم کورٹ کے پانچ آٹھ کے بھاری اکثریت کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کوقومی وصوبائی اسمبلیوں کی 77متنازع نشستوں میں سے65 ملنے کے امکانات روشن ہو گئے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے تقسیم کی گئی مجموعی طور پر 77 نشستیں متنازع قرار پائیں جس میں سے قومی اسمبلی کی 22 اور صوبائی اسمبلیوں کی 55 نشستیں ہیں، قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کو خواتین کی کل 60 سیٹوں میں سے 20 اور 3اقلیتی نشستیں مل سکتی ہیں۔
اسی طرح پنجاب اسمبلی سے 27اور خبیر پختونخوا اسمبلی سے 13 جبکہ تین اقلیتی نشستیں اور سندھ اسمبلی سے2 نشستیں تحریک انصاف کو ملنے کی راہ ہموار ہو گئی۔
قومی اسمبلی میں اس سے قبل خواتین کی کل 60 مخصوص نشستوں میں سے الیکشن کمیشن نے 40 نشستیں مختلف سیاسی جماعتوں میں بانٹی تھیں، ان میں سے پنجاب سے 32 میں سے 20، خیبرپختونخوا میں 10، سندھ کی تمام 14 نشستیں اور بلوچستان کی چار نشستیں شامل تھیں، اسی طرح قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص 10 میں سات نشستیں الاٹ کر دی گئی تھیں جبکہ تین باقی تھیں۔
الیکشن کمیشن نے بعدازاں قومی اسمبلی کی بچ جانے والی یہ 23 مخصوص نشستوں میں سے پاکستان مسلم لیگ ن کو16، پاکستان پیپلز پارٹی 5 جبکہ متحدہ قومی موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کو ایک، ایک مزید نشست دی تھی۔
سپریم کورٹ کے پانچ آٹھ کے بھاری اکثریت کے فیصلہ کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو خواتین کی مخصوص نشستوں میں سے 20نشستیں اور 3اقلیتوں کی نشستیں ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔
پنجاب میں تحریک انصاف کی متوقع مخصوص نشستیں
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدپنجاب میں تحریک انصاف کو مزید 27نشستیں ملنے کاامکان ہے، پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 ممبران پر مشتمل ہے، پنجاب اسمبلی میں 297اراکین جنرل نشستوں پر منتخب ہو تے ہیں، خواتین کی مجموعی طور پر 66 مخصوص نشستیں ہیں جبکہ اقلیتی آٹھ نشستیں ہیں تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی میں 108ارکان ہیں تحریک انصاف کو پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 24نشستیں مل سکتی ہیں اور تین اقلیتی نشستیں پنجاب اسمبلی میں ملنے کاامکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کو13نشستیں ملنے کا امکان
خیبر پختونخوا سے کل نشستیں 45 ہیں جن میں 21 خواتین اور چار اقلیتی مخصوص نشستیں معطل ہیں، یہاں پاکستان تحریک انصاف کو 10نشستیں اور 3اقلیتی نشستیں ملنے کا امکان ہے۔
سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کی 2 متوقع نشستیں ہیں
سندھ اسمبلی میں مجموعی دوخواتین کی مخصوص نشستیں اور ایک اقلیتی نشست معطل ہے جس میں تحریک انصاف کو 2 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔
واضح رہے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد قومی وصوبائی اسمبلیوں کی 77 متنازع مخصوص نشستوں کو معطل کر دیا تھا۔