مجھے اپنی جھوٹی تعریفوں سے چڑ ہوتی ہے: نادیہ خان

سینئر اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے جھوٹی تعریفیں کرنے والوں کو خبردار کردیا۔

نادیہ خان نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں اپنے ساتھ پیش آئے واقعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ڈیزائنرخاتون سے میری دو بار ملاقات ہوئی اور تیسری بار ملنے پر خاتون نے میری بہت تعریفیں کیں جس پر میں نے سوال کیا کہ کیا آپ مجھے جانتی ہیں؟

اداکارہ نے کہا کہ میں نے اس خاتون سے کہا کہ ہم دوسری یا تیسری بار مل رہے ہیں، جو تعریفیں آپ کررہی ہیں مجھ میں ایسی کوئی بات نہیں ہے، جتنی تم تعریفیں کررہی ہو مجھے گھبراہٹ ہورہی ہے، یہ سب بکواس ہے چپ کرجاؤ۔

نادیہ خان نے مزید بتایاکہ میں نے خاتون سے کہا کہ میں تمہیں پسند کرتی ہوں، کوئی کام ہے تو میں ایسے ہی کردیتی ہوں لیکن میری جھوٹی تعریفیں نہیں کرو، جب کوئی میری جھوٹی تعریفیں کرتا ہے تو مجھے ایسا لگتا ہے میرے اندر کیڑے چل رہے ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھے جھوٹی تعریفوں سے چڑ ہوتی ہے، میری جھوٹی تعریفیں نہیں کریں۔