خیبر، کرم ،بلوچستان؛ کوئلے کی کانوں میں حادثات، شانگلہ کے 6 مزدور جاں بحق

خیبر، کرم اور بلوچستان میں کوئلے کی کانوں میں حادثات کے نتیجے میں شانگلہ کے 6 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق کوئلے کی کانوں کے مختلف حادثات میں شانگلہ کے 6 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے علاوہ 2 مزدور زخمی بھی ہوئے ہیں۔ درہ آدم خیل میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس پھٹنے سے 3 کان کن جاں بحق ہو گئے، جن میں سلیمان، عبدالہادی اور حبیب گل شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں کوئلے کی کان میں تودہ گرنے سے شانگلہ کے 2 مزدور جاں بحق ہو گئے، جن میں امان اللہ اور آفتاب شامل ہیں۔

دوسری جانب ضلع کرم میں کوئلے کی کان میں پیش آنے والے حادثے میں عجب خان نامی مزدور جاں بحق ہوگیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کوئلے کی کان کے مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق مزدوروں کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔